Thursday, February 5, 2015

(7) پارٹی کا انتظامی ڈھانچہ


پارٹی کے مقاصد کے حصول کے لیے مندرجہ ذیل انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا گیا ہے۔

(7.1)قومی کونسل (Central Council)
(7.2)مرکزی کمیٹی (Central Committee)
(7.3)مرکزی کابینہ (Central Cabinet)
(7.4)مرکزی ورکنگ کمیٹی (central working committee)
(7.5)دمگ کونسل (Regional Council)
(7.6)دمگکابینہ (Regional Cabinet)
(7.7) دمگ ورکنگ کمیٹی (Reginal working committee)
(7.8)ھنکین کونسل (Zonal Council)
(7.9)ھنکین کابینہ (Zonal Cabinet)
(7.10) ھنکین ورکنگ کمیٹی (Zonal working committee)
(7.11) بُنزہ (Unit)
(7.12) دوزواہ بنزہ (Sympathizer unit)


(7.1) قومی کونسل

(i) قومی کونسل پارٹی کا اعلیٰ ترین اور سب سے زیادہ بااختیار آئین ساز ادارہ ہوگی، جو دوقومی کونسل سیشنز کے درمیانی مدت میں پارٹی کی رہنمائی کرے گی۔
(ii) قومی کونسل کے کل اراکین کی تعداد251ہوگی، جن میں مرکزی کمیٹی،مرکزی کابینہ، دمگ کے صدر اورجنرل سیکریٹری بلحاظ عہدہ کونسل کے رکن ہوں گے۔ قومی کونسل کے لیے باقی ارکان کو دمگ کونسل کے ارکان اکثریتی رائے سے تین سال کے لیے منتخب کریں گے۔
(iii) عام حالات میں قومی کونسل کے انعقاد کا فیصلہ مرکزی کمیٹی اکثریت رائے سے کرئے گی۔
(iv) قومی کونسل کا اجلاس کم ازکم تین سال میں ایک مرتبہ ہوگا۔
(v) ہنگامی حالات میں قومی کونسل کے کل اراکین کا چوتھائی حصہ مرکزی صدراور سیکریٹری جنرل کو تحریری نوٹس کے ذریعے ایک ماہ کے اندرقومی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کرسکتا ہے۔
(vi) قومی کونسل کل اراکین کی دوتہائی اکثریت سے پارٹی کی بنیادی اساس کے علاوہ آئین، منشور اور پالیسیوں میں ترمیم وتنسیخ ،اضافہ اور تغیر وتبدل کرسکتا ہے۔
(vii) قومی کونسل کُل اراکین کی سادہ اکثریت سے کسی بھی رکن کی رکنیت ختم کرسکتا ہے۔
(viii) قومی کونسل اپنے اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین اور مرکزی عہدیداروں کا انتخاب کرے گی۔ اور پارٹی کے مرکزی د مگ،ھنکین اور بُنزہ عہدیداروں کو آئین کے تحت اختیارات کے علاوہ خصوصی اختیارات وفرائض تفویض کرسکتی ہے ۔اورذمہ داریاں سونپ سکتی ہے۔
(ix) قومی کونسل کو پارٹی کی سالانہ رپورٹ اور دیگر دستاویزات کی منظوری یا ترامیم کا اختیارہے اور اس ضمن میں فیصلے اور ہدایات دے سکتی ہے۔
(x) قومی کونسل کسی بھی عہدیدار کے خلاف کل اراکین کی سادہ اکثریت سے عدم اعتماد کی تحریک منظورکرسکتی ہے۔


(7.2) مرکزی کمیٹی

(i) مرکزی کمیٹی ،دوقومی کونسلوں کی درمیانی مدت میں پارٹی کی جملہ سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی اور پارٹی کا سب سے بااختیار پالیسی سازادارہ ہوگی۔
(ii) مرکزی کمیٹی، جس کے اراکین کی تعداد بشمول مرکزی کابینہ کے19ہوگی، پارٹی کا اعلیٰ ترین انتظامی اور پالیسی سازادارہ ہوگی اور تمام ذیلی اداروں،سماجی ،سیاسی اور ادبی تنظیموں کی نگرانی اور رہنمائی کرے گی۔
(iii) مرکزی کمیٹی مختلف دمگوں میں کارکردگی کی بنیاد پر پارٹی کے قومی کونسل کے لیے اراکین کی تعداد کا تعین کرے گی۔
(iv) مرکزی کمیٹی کا اجلاس سال میں کم ازکم دومرتبہ اور چھ مہینوں میں کم ازکم ایک مرتبہ ہونا لازمی ہے۔
(v) مرکزی کمیٹی کے کسی بھی اجلاس کے لیے کم سے کم دس یوم کے نوٹس اور ایجنڈے کی ترسیل لازمی ہے۔ البتہ ہنگامی حالات میں چیئرمین یا سیکریٹری جنرل 72گھنٹوں کے نوٹس پر اجلاس بلانے کا مجاز ہے۔ کورم پورا نہ ہونے کی صورت میں اجلاس ملتوی ہوگا اور دوسرا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ کسی بھی رکن کی یکے بعد دیگرے تین مرتبہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں غیر حاضری کی صورت میں اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
(vi) مرکزی کمیٹی کے کل ارکان کی ایک چوتھائی اکثریت بوقت ضرورت پارٹی کے چیئرمین یا سیکریٹری جنرل کو تحریری نوٹس کے ذریعے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کرسکتی ہے۔ نوٹس میں اجلاس بلانے کا مقصد واضح کیا جانا لازمی ہوگا۔
(vii) مرکزی کمیٹی قومی کونسل کا اجلاس بلانے،اس کی تاریخ کا تعین کرنے اور اس میں تبدیلی کے علاوہ پارٹی کی ہرسطح پر کنونشن، کانفرنس، سیمینار یا دیگر ادبی وسماجی مجالس منعقد کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔نیز مرکزی کمیٹی اپنے یہ اختیارات مرکزی کابینہ کو منتقل کرنے کا بھی مجاز ہوگی۔
(viii) مرکزی کمیٹی پارٹی کے منشور واغراض ومقاصد اور قومی کونسل کے دائرے میں رہ کر پروگرام ترتیب دینے،سیاسی سرگرمیوں کا فیصلہ کرنے اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کا مکمل اختیاررکھتی ہے۔
(ix) مرکزی کمیٹی آزادی پسند تنظیموں اورسیاسی پارٹیوں کے ساتھ متحدہ محاذ بنانے،رشتے جوڑنے اور مشترکہ سیاسی مہم چلانے کا اختیاررکھتی ہے۔
(x) مرکزی کمیٹی کسی بھی متنازعہ آئینی،تنظیمی اور سیاسی مسئلے پر بحث کرکے اس کی وضاحت کرنے کا اختیاررکھتی ہے اور مرکزی کمیٹی کے اس نوعیت کے وضاحت حتمی تصور کئے جائیں گے۔
(xi) کسی بھی رکن کابینہ یا مرکزی کمیٹی کے استعفیٰ کی صورت میں خالی نشست کو پر کرسکتی ہے۔
(xii) مرکزی کمیٹی اپنے کسی بھی رکن کو کل اراکین کی سادہ اکثریت جبکہ مرکزی کابینہ کے کسی عہد ہ دارکو قومی کونسل کے کل کونسلران کی سادہ اکثریتی دستخطوں یا مرکزی کمیٹی کے دو تہائی اکثریت سے متعلقہ کمیٹی یا کابینہ کی رکنیت سے علیحدہ کرسکتی ہے البتہ رکن متاثرہ کو حق حاصل ہوگا کہ وہ قومی کونسل کی سادہ اکثریتی دستخطوں کے ذریعے تادیبی کارروائی کے خلاف ووٹ حاصل کرسکتا/کرسکتی ہے ۔
(xiii) مرکزی کمیٹی تشہیر،نشرواشاعت اورتصنیفات کی ذمہ دارہوگی۔
(xiv) مرکزی کمیٹی مالی وسائل پیداکرنے کے طریقہ ہائے کار وضع کرنے کا اختیاررکھتی ہے۔

(7.3) مرکزی کابینہ
(7.3.1)چیئرمین/چیئرپرسن
(7.3.2) وائس چیئرمین/چیئرپرسن
(7.3.3) سیکریٹری جنرل
(7.3.4) ڈپٹی سیکریٹری جنرل
(7.3.5)فنانس سیکریٹری
(7.3.6) انفارمیشن وکلچرل سیکریٹری
(7.3.7) لیبر،کاشتکار وماہیگیرسیکریٹری
(7.3.8) خارجہ سیکریٹری


(7.3.1) چیئرمین/چیئرپرسن

(i) چیئرمین/چیئرپرسن پارٹی کا/کی سربراہ ہوگا/ہوگی۔
(ii) چیئرمین /چیئرپرسن تادیبی کارروائی کے طورپر پارٹی کے کسی بھی رکن یا مرکزی کمیٹی کے رکن کو(ماسوائے مرکزی عہدیداران) تین ماہ کے لیے معطل کرسکتا /کرسکتی ہے۔ لیکن اس کی توثیق مرکزی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کرانا لازمی ہے۔
(iii) چیئرمین/چیئرپرسن کسی بھی وقت پارٹی کے کسی بھی ادارے کا اجلاس طلب کرسکتا /کرسکتی ہے۔
(iv) چیئرمین /چیئرپرسن پارٹی کے کسی بھی اجلاس کی صدارت کرسکتا/کرسکتی ہے۔
(v) چیئرمین /چیئرپرسن پارٹی کے کسی بھی ذیلی ادارے کے خلاف تادیبی کارروائی کرسکتا /کرسکتی ہے، لیکن اس کی توثیق مرکزی کمیٹی سے کرانا لازمی ہے۔
(vi) چیئرمین /چیئرپرسن پارٹی کے کسی بھی ادارے کی خالی نشست (علاوہ مرکزی کابینہ) کے لیے قومی کونسل کے کسی بھی رکن کو نامز دکرسکتا /کرسکتی ہے اور آئین کے تحت متعلقہ ادارہ اس کی توثیق کا/کی مجاز ہوگا۔
(vii) چیئرمین /چیئرپرسن پارٹی فنڈ میں سے تنظیمی امور کے لیے حسب ضرورت رقم خرچ کرسکتا /کی ہے۔ البتہ ان کی منظوری بعد میں مرکزی کمیٹی سے لینا ضروری ہوگا۔
(viii) چیئرمین/چیئرپرسن ہنگامی صورت میں 72گھنٹے کے نوٹس پر مرکزی کابینہ کا اجلاس بلا سکتا/سکتی ہے اور اکثریت رائے سے فیصلہ کرسکتا /کرسکتی ہے ،لیکن بعد میں ان کی توثیق مرکزی کمیٹی سے کرانا لازمی ہے۔
(ix) خارجہ امور کے لیے چیئرمین مرکزی کمیٹی کی مشاورت سے سیکریٹری خارجہ نامزد کرے گا/گی۔

(7.3.2) وائس چیئرمین/وائس چیئرپرسن

(i) وائس چیئرمین/وائس چیئرپرسن،چیئرپرسن کی معزولی،بیماری،غیرموجودگی یا موت کی صورت میں چیئرمین / چیئرپرسن کے تمام اختیارات کو استعمال کرسکتا /کرسکتی ہے۔
(ii)  وائس چیئرمین /وائس چیئرپرسن پارٹی کے ذیلی فلاحی اداروں کی سربراہی اورمتعلقہ امور کی نگرانی کرے گا/گی۔
(iii) وائس چیئرمین /وائس چیئرپرسن پارٹی کی تمام سرگرمیوں میں چیئرمین /چیئرپرسن کی معاونت کرے گا/گی۔

(7.3.3) سیکریٹری جنرل

(i) سیکریٹری جنرل پارٹی کے تمام دفتری امور،ریکارڈز،دستاویزات اور فائلوں کے تحفظ کا ذمہ دار ہوگا/ہوگی۔
(ii) سیکریٹری جنرل مرکزی کمیٹی اور قومی کونسل کے اجلاس کے لیے ایجنڈا تیار کرنے اور ان اجلاس کی روئیداد تیارکرکے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔
(iii) سیکریٹری جنرل چیئرمین/چیئرپرسن کے مشورے سے قومی کونسل ،مرکزی کمیٹی اور دیگراداروں کے اجلاس طلب کرنے کا/کی مجاز ہے۔
(vi) سیکریٹری جنرل پارٹی کو آئین کے مطابق چلانے کے لیے پروگرام ترتیب دے کرمرکزی کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔
(v)  سیکریٹری جنرل پارٹی فنڈ میں سے تنظیمی امورکے لیے حسب ضرورت رقم خرچ کرنے کا /کی مجاز ہے ۔

(7.3.4) ڈپٹی سیکریٹری جنرل

(i) ڈپٹی سیکریٹری جنرل،سیکریٹری جنرل کی معزولی،عدم موجودگی،علالت یا موت کی صورت میں سیکریٹری جنرل کے تمام فرائض سرانجام دے گا/گی۔
(ii) ڈپٹی سیکریٹری جنرل وہ تمام ذمہ داریاں سرانجام دے گا/گی جوچیئرمین یا مرکزی کمیٹی نے اُسے سونپ دیے ہوں۔
(iii) ڈپٹی سیکریٹری جنرل پارٹی کے ذیلی تعلیمی اداروں کی سربراہی ،تعلیمی اموراوراسٹڈی سرکل کی نگرانی کرے گا/گی۔

(7.3.5) فنانس سیکریٹری 

(i) فنانس سیکریٹری،چیئرمین یا سیکرٹری جنرل کی ہدایات پر بجٹ کے مطابق اخراجات کرنے کا/کی ذمہ دار ہے۔
(ii) فنانس سیکریٹری،چیئرمین سیکریٹری جنرل یا مرکزی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق چندہ اورعطیات جمع کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔
(iii) فنانس سیکریٹری تمام مرکزی فنڈز کا حساب کتاب رکھنے کا /کی ذمہ دارہے اور قومی کونسل کے اجلاس میں یا مرکزی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق پارٹی کے اکاؤنٹس کوپیش کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔

(7.3.6) انفارمیشن وکلچرل سیکرٹری

(i) انفارمیشن وکلچرل سیکرٹری پارٹی کے پروگرام،سرگرمیوں،فیصلوں،منظورشدہ قراردادوں کی اشاعت وتشہیر اورا دبی وثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذمہ دارہوگا/گی۔
(ii) وہ پارٹی کے باقاعدہ آرگن کی اشاعت کا ذمہ دارہوگااوراس ضمن میں وہ بوقت ضرورت لٹریری کمیٹی تشکیل دے کر اس کی منظوری مرکزی کمیٹی سے لے سکتا /سکتی ہے ۔
(iii) وہ پارٹی کو مشہورکرانے،اس کے اغراض ومقاصد اور پالیسیوں کی تشہیرکے لیے اخبارات سرکلر،پمفلٹ وغیرہ شائع کرانے کا /کی ذمہ دارہوگا۔

(7.3.7) لیبر،کاشتکارو ماہیگیرسیکرٹری

(i) لیبر،کاشتکاروماہیگیر سیکرٹری مزدوروں،کسانوں اور ماہیگیروں سے رابطہ رکھے گا/گی ا وران کے مسائل اور جدوجہد سے متعلق پارٹی کی رہنمائی کرے گا/گی۔اورمرکزی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گا/گی۔
(ii) لیبر،کاشتکار وماہیگیرسیکریٹری مزدور یونینوں اور ماہیگیرو کسان تنظیموں سے رابطہ کرے گا/گی اوران کی سرگرمیوں کے بارے میں مرکزی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گا/گی۔

(7.4)مرکزی ورکنگ کمیٹی 

(i) مرکزی کابینہ ،دمگ صدورو جنرل سکریٹری اس کے ممبر ہوں گے۔
(ii) اس کا اجلاس سال میں ایک مرتبہ ہوگا۔
(iii) جو پارٹی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرکزی کمیٹی کو ارسال کرے گی۔

(7.5) دمگ کونسل (Regional Council)

(i) دمگ کونسل کم از کم تین ھنکین پر مشتمل ہونا چاہئے۔
(ii) دمگ کونسل ،دمگ کے اندر پارٹی کا سب سے بااختیار ادارہ ہوگا اور پارٹی کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔
(iii) ہرھنکین کے 3ارکان ایک دمگ کونسلر منتخب کریں گے یعنی3:1کا تناسب ہوگا۔
(iv) ھنکین کابینہ کے صدر اور جنرل سیکریٹری بلحاظ عہدہ دمگ کونسل کے رکن ہوں گے۔
(v) دمگ کونسل اپنے دمگ میں اراکین اور عہدیداروں کے خلاف تادیبی کاروائی کی سفارش چیئرمین اور سیکریٹری جنرل کو کرسکتی ہے ۔
(vi) دمگ کونسل اپنے دمگ کابینہ اور قومی کونسل کے ارکان کا انتخاب کرے گی۔
(vii) دمگ کونسل کے سال میں کم ازکم چار اجلاس کا ہونا لازمی ہے۔
(viii) دمگ کونسل اپنے ارکان کے ایک چوتھائی اکثریت کے نوٹس پراجلاس طلب کرسکتی ہے ۔

(7.6) دمگ کابینہ (Regional Cabinet)

(7.6.1)صدر
(7.6.2)نائب صدر
(7.6.3)جنرل سیکریٹری
(7.6.4) جوائنٹ سیکریٹری
(7.6.5) فنانس سیکریٹری
(7.6.6) انفارمیشن وکلچرل سیکریٹری
(7.6.7) لیبر،کاشتکاروماہیگیری سیکریٹری

(7.6.1) دمگ صدر Regional President 

(i) دمگ صدر پورے دمگ میں پارٹی کا/کی سربراہ ہوگا/ہوگی۔
(ii) دمگ صدر،دمگ میں پارٹی کے کسی بھی اجلاس کی صدارت کرسکتا /کرسکتی ہے۔
(iii) دمگ صدر کسی بھی وقت دمگ میں پارٹی کے کسی بھی ادارے کا اجلاس طلب کرسکتا /کرسکتی ہے۔
(iv) دمگ صدر بوقت ضرورت پارٹی امور کے لیے منظوری کے بغیر بیس ہزارروپے 20,000/ خرچ کرسکتا /کرسکتی ہے جس کی تفصیل آئندہ دمگ کونسل کے اجلاس میں پیش کرنالازمی ہوگی۔

(7.6.2) نائب صدر Vice President

(i) نائب صدر،صدر کی معزولی،بیماری،غیرموجودگی یا موت کی صورت میں صدر کے تمام اختیارات کو استعمال کرسکتا/کرسکتی ہے۔
(ii) نائب صدر،پارٹی کی تمام سرگرمیوں میں صدر کی معاونت کرے گا/گی۔

(7.6.3) جنرل سیکریٹری

(i) جنرل سیکریٹری دمگمیں پارٹی کے تمام دفتری امور، ریکارڈزودستاویزات و فائلوں کے تحفظ کا/کی ذمہ دارہوگا/گی۔
(ii) جنرل سیکریٹری دمگ کابینہ اوردمگ کونسل کے اجلاس کے لیے ایجنڈا تیارکرنے اور ان اجلاس کی روئیداد تیارکرکے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا /کی ذمہ دارہے۔
(iii) جنرل سیکریٹری صدر کی مشاورت سے دمگ کونسل ودمگ کابینہ اور دیگر اداروں کے اجلاس طلب کرنے کا/کی مجاز ہے۔

(7.6.4) جوائنٹ سیکریٹری

(i) جنرل سیکریٹری کی معزولی،علالت،غیرموجودگی یا موت کی صورت میں جوائنٹ سیکرٹری جنرل سیکریٹری کے تمام فرائض وااختیارات سرانجام دے گا/گی۔
(ii) جوائنٹ سیکریٹری مختلف پارٹی امور میں جنرل سیکریٹری کی معاونت کرے گا/گی۔

(7.6.5) فنانس سیکریٹری(Finance Secretary)

(i) فنانس سیکریٹری صدر یا جنرل سیکریٹری کی ہدایت پر بجٹ کے مطابق اخراجات کرنے کا /کی ذمہ دارہے۔
(ii) فنانس سیکریٹری،صدر،جنرل سیکریٹری یا د مگ کابینہ کی ہدایت کے مطابق چندہ و عطیات جمع کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔
(iii) فنانس سیکریٹری تمام دمگ کے فنڈز کا حساب وکتاب رکھنے کا ذمہ دارہے۔اور دمگ کونسل کے اجلاس میںیا دمگ کابینہ کی ہدایات کے مطابق پارٹی کے اکاؤنٹس کوپیش کرنے کا/کی ذمہ دارہے۔
(iv) فنانس سیکریٹری تمام ھنکین مالیات میں سے 75 فیصد حصہ وصول کرنے کے علاوہ 75 فیصد مرکزی مالیت میں جمع کرنے کا /کی پابند ہے اور 25 فیصد دمگ میں اپنے اخراجات کے لیے رکھ سکتا/سکتی ہے۔

(7.6.6) انفارمیشن وکلچرل سیکریٹری

(i) اانفارمیشن وکلچرل سیکریٹری پارٹی کے پروگرام،سرگرمیوں،فیصلوں،منظورشدہ قراردادوں کی اشاعت وتشہیر اور ادبی وثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا /کی ذمہ دارہوگا۔
(ii) وہ جنرل سیکریٹری یا متعلقہ کمیٹی کے مشورے سے پارٹی کے نشرواشاعت کا/کی ذمہ دار ہوگا۔


(7.6.7) لیبر،کاشتکارو ماہیگیر سیکریٹری

(i) لیبر،کاشتکار وماہیگیر سیکریٹری اپنے دمگ میں مزدوروں ،کسانوں، کاشتکاروں وماہی گیروں سے رابطہ رکھے گا/گی۔اور ان کے مسائل اور جدوجہد سے متعلق پارٹی کی رہنمائی کرے گا/گی۔
(ii) لیبر،کاشتکاروماہیگیرسیکریٹری مزدوریونینوں ،کسان تنظیموں اور ماہیگیر تنظیموں کی نگرانی کرے گا/گی اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں دمگ کابینہ کو رپورٹ پیش کرے گا/گی۔

(7.3.8) خارجہ سیکریٹری

خارجہ سیکریٹری چیئرمین /چیئرپرسن کی ہدایت کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھائے گا /گی ۔

(7.7) دمگ ورکنگ کمیٹی 

(i) دمگ کابینہ ھنکین صدور و جنرل سیکریٹری اس کے اراکین ہوں گے ۔
(ii) اس کا اجلاس سال میں دو مرتبہ ہوگا۔
(iii) جودمگ میں موجود پارٹی معاملات ،،پیش رفت،مشکلات اور تجاویز پر بحث کرکے اپنی سفارشات مرکزی کمیٹی کو ارسال کرے گی۔

(7.8) ھنکین کونسل

(i) ھنکین کونسل کم از کم 4 بنزہ پر مشتمل ہوگی۔
(ii) ھنکین کونسل ھنکین کے اندر پارٹی کا سب سے بااختیار ادارہ ہوگا۔
(iii) ہربنزہ کے3اراکین میں سے ایک رکن ھنکین کونسل کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
(iv) بنزہ سیکریٹری اور بنزہ ڈپٹی سیکریٹری ھنکین کونسل کے رکن ہوں گے۔
(v) ھنکین کونسل ابتدائی بنزھان میں ممبرسازی ، سیاسی وسماجی امور اور سرگرمیوں میں بنزہ کی رہنمائی کرے گی۔
(vi) ھنکین کونسل ابتدائی یونٹ کی سفارش پر ابتدائی یونٹ کے کسی عام رکن کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش چیئرمین یا سیکریٹری جنرل سے کرسکتا/کرسکتی ہے ۔
(vii) ھنکین کونسل،ھنکین کابینہ کے عہدیداروں کا انتخاب کرے گا/گی۔

(7.9) ھنکین کابینہ (Zonal Cabinet)

ھنکین کابینہ درج ذیل عہدوں پر مشتمل ہوگی:
(7.9.1) صدر
(7.9.2) نائب صدر
(7.9.3) جنرل سیکریٹری
(7.9.4) جوائنٹ سیکریٹری
 (7.9.5) فنانس سیکریٹری

ھنکین کابینہ کے عہدیداروں کو اپنے ھنکین کی سطح پر وہی اختیارات حاصل ہوں گے جو دمگ میں دمگ عہدیداروں کو حاصل ہیں۔

(7.10)ھنکین ورکنگ کمیٹی

(i) ھنکین کابینہ ،یونٹ سیکریٹری اورڈپٹی یونٹ سیکریٹری اس کے اراکین ہوں گے۔
(ii) اس کا اجلاس کم از کم تین مہینے میں ایک مرتبہ ہوگا۔ (iii)
ھنکین میں موجودپارٹی معاملات ،،پیش رفت،مشکلات اور تجاویز پر بحث کرکے اپنی سفارشات مرکزی کمیٹی کو ارسال کرے گی۔

(7.11) بُنزہ (Unit)

(i) تمام محلوں اور دیہاتوں میں قائم پارٹی یونٹ بنزہ کہلائیں گے۔
(ii) ایک ابتدائی بنزہ کے قیام کے لیے کم سے کم7ارکان کی ضرورت ہے۔
(iii) کسی بھی علاقے میں بنزہ تشکیل دینے کا اختیار ھنکین کابینہ کے پاس ہوگا۔
(iv) بنزہ کا ایک سیکریٹری اور ایک ڈپٹی سیکریٹری ہوگا/ہوگی جنہیں بنزہ کے ارکان منتخب کریں گے۔
(v) بنزہ سیکریٹری اپنے بنزہ میں ہر اجلاس طلب کرنے اُن کی صدارت کرنے اسٹڈی سرکل منعقد کرنے کا/کی مجاز ہوگا/ہوگی جبکہ ڈپٹی بنزہ سیکریٹری مختلف امور میں بنزہ سیکریٹری کی مدد کرے گا/گی۔
(vi)بنزہ کی سادہ اکثریت اپنے کسی بھی رکن کی رکنیت(ماسوائے ھنکین کابینہ)کے معطلی کی سفارش چیئرمین یا سیکریڑی جنرل سے کرسکتا /کرسکتی ہے۔

(7.12) دوزواہ بنزہ

(i) پارٹی میں دوزواہ کی تربیت کے لیے علیحدہ یونٹ ہوں گے جو دوزواہ بنزہ کہلائیں گے ۔
(ii) دوزواہ بنزہ کے قیام کے لیے کم از کم دودوزواہ کی ضرورت ہے ۔
(iii) کسی بھی علاقے میں دوزواہ بنزہ کی تشکیل ھنکین کابینہ کرے گی۔
(iv) دوزواہ بنزہ کا ایک سیکریٹری ہوگا/ہوگی جسے ھنکین کابینہ مقرر کرے گی۔
(v) ھنکین کابینہ کسی بھی جھدکار کو دوزواہ بنزہ کا سیکریٹری مقرر کرسکتا /کرسکتی ہے ۔
(vi) دوزواہ کاسیکریٹری پارٹی نصاب اور ھنکین کابینہ کے فیصلے کے مطابق دوزواہ کی تربیت کے لیے اسٹڈی سرکل دے سکتا /سکتی ہے ،سرکل کے علاوہ،اسے دوزواہ بنزہ میں کسی دوسری نوعیت کے پروگرام کا اختیا رنہیں ۔
(vii) دوزواہ بنزہ کاسیکریٹری دوزواہ سے پارٹی ممبر شپ فیس اور پارٹی آرگن کی تقسیم سے حاصل شدہ رقم جمع کرکے اسے ہرما ہ ھنکین فنانس سیکریٹری کے پاس جمع کرنے کا/کی پابند ہے ۔

0 comments:

Post a Comment

Share

Twitter Delicious Facebook Digg Stumbleupon Favorites